بھٹکل :2/نومبر (ایس او نیوز) ہندوستان میں انگریزوں کے خلاف علم بغاوت کرنے والے مجاہد آزادی حضرت ٹیپو سلطان شہید کی یوم پیدائش پر ریاستی حکومت نے فرقہ پرستوں کی مخالفت کے باوجود ٹیپو جینتی منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سال بھی ریاست بھر میں 10 نومبر کو سال گزشتہ کی طرح ٹیپو جینتی منائی جائے گی۔
بھٹکل میں ٹیپو جینتی منانے کے سلسلے میں آج تحصیلدار آفس میں تحصیلدار وی این باڈکر کی صدارت میں ایک نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹیپو جینتی سے متعلق اہم فیصلے لئے گئے ۔ میٹنگ میں طے ہوا کہ بھٹکل پبلک چبوترہ پر ایک عظیم الشان جلسہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ جس میں حضرت ٹیپو سلطان کے کارناموں سے عوام کو واقف کروایا جائے گا ۔ تحصیلدار آفس میں منعقد میٹنگ میں بھٹکل بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، پنچایت آفیسر سی ٹی نائک، مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری ، نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری ، عبدالعظیم امباری ، ٹاپ نثار احمد، فیا ض ملاسمیت دیگر سوشیل تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔